بنگلورو،7؍جنوری (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحانات کے انعقاد سے متعلق آج جمعرات کے دن ٹائم ٹیبل جاری کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر برائے بنیادی و ثانوی تعلیم ایس سریش کمار نے آج یہ اعلان کیا ہے۔
اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں پی یو سی سال دوم کے امتحان کا آغاز ہوگا اور ماہ جون کے پہلے ہفتہ میں ایس ایس ایل سی امتحان شروع ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں امتحانات کا ایمرجنسی ٹائم ٹیبل کل جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحانات کے لئے نصاب کم کرنے سے متعلق اطلاع کل جمعرات کے دن جاری کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلی تا9ویں جماعت کا نصب کم نہیں کیا جائے گا۔
سریش کمار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سات آٹھ مہینے اسکولس کالجس بند تھے۔یکم جنوری سے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے کلاسوں کا آغاز ہوا ہے۔ریاست میں حال تک بھی ان کلاسوں کے لئے آن لائن اور آف لائن کلاسوں کو چلایاجارہا تھا۔